ہفتہ 12 ستمبر 2026 - 10:34
صہیونی جارحیت کے خلاف مزاحمت ضروری/ عرب و اسلامی ممالک کے درمیان اختلافات ختم کئے جائیں: امام جمعہ نجف اشرف

حوزہ/ حجۃ الاسلام والمسلمین سید صدرالدین قبانچی نے عراق میں حکومت کی تشکیل مکمل کرنے، بیرونی دباؤ سے بچنے اور خطے میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مضبوط موقف اختیار کرنے پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ نجف اشرف حجۃ الاسلام والمسلمین سید صدرالدین قبانچی نے حسینیہ اعظم فاطمیہ نجف اشرف میں نماز جمعہ کے خطبوں میں عراق اور خطے کی اہم صورت حال پر گفتگو کی۔

انہوں نے عراقی حکومت کی تشکیل میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے قیام کو 115 دن سے زیادہ گزر چکے ہیں، لیکن اب بھی دفاع، داخلہ، منصوبہ بندی، اعلیٰ تعلیم، تعمیرات، ثقافت، محنت، نوجوانان و کھیل اور مہاجرت و بے گھر افراد سمیت 9 وزارتیں وزراء سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض عہدوں پر بیرونی دباؤ اس تاخیر کی بڑی وجہ ہے۔ حکومت اور سیاسی قوتوں کو چاہیے کہ بیرونی دباؤ سے دور رہتے ہوئے کابینہ کی تکمیل میں تیزی لائیں۔

علاقائی حالات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ دمشق سے صرف 35 کلومیٹر کے فاصلے پر اسرائیلی حکام کی موجودگی اور عرب ممالک کی خاموشی انتہائی تشویش ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیلی جارحیت کے خلاف واضح مزاحمت اور عرب و اسلامی ممالک کے باہمی اختلافات کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

لبنان پر اسرائیلی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان حملوں میں سیکڑوں افراد شہید اور اس سے کئی گنا زیادہ زخمی ہوئے ہیں، جبکہ عرب دنیا خاموش ہے۔

دینی خطبے میں حجۃ الاسلام والمسلمین قبانچی نے مساجد میں حاضری کی فضیلت بیان کرتے ہوئے امام جعفر صادق علیہ السلام کی ایک روایت کا حوالہ دیا کہ مسجد سے واپس آنے والا مؤمن کم از کم تین میں سے ایک فائدہ حاصل کرتا ہے: ایسی دعا جو اسے جنت تک پہنچائے، ایسی دعا جس سے بلا دور ہو یا خدا کے لیے کسی مؤمن بھائی سے اسے فائدہ حاصل ہو۔

انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کے بارے میں ’’خیر مساجد نسائکم البیوت‘‘ کا مطلب یہ نہیں کہ خواتین کے لیے مسجد جانا یا نماز جماعت میں شرکت کرنا مستحب نہیں، بلکہ اس میں زیادہ پردہ اور تحفظ والی جگہ کو ترجیح دینے کی بات ہے۔ اگر مسجد زیادہ محفوظ اور پردے والی جگہ ہو تو وہاں عبادت افضل ہے، ورنہ گھر بہتر ہے۔

انہوں نے مؤمنین کو گوشہ نشینی کے بجائے نیک اور مفید سماجی تعلقات قائم کرنے کی ترغیب دی اور کہا کہ خواتین کے لیے زیارت، حج، عمرہ اور نماز جماعت کی فضیلت بھی ثابت ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha